Baaghi TV

’شیطانیت‘ کو فروغ دینے کے شبہے میں ایران میں کیفے کے خلاف کارروائی

cafe

ایران کے دارالحکومت تہران میں پولیس نے ایک کیفے کو مبینہ طور پر ”شیطانی سرگرمیوں“ کے فروغ کے الزام میں سیل کردیا، جبکہ کیفے کے اندر کی ویڈیو بھی سرکاری میڈیا پر جاری کردی گئی ہے۔

ایرانی تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق تہران میں والیاسر اسٹریٹ پر واقع ایک کیفے میں مبینہ طور پر شیطانیت کو فروغ دینے پر سیل کیا گیا ہے اس کیفے کے صارفین جن میں نوجوان لڑکیاں اور لڑکے شامل ہیں، کوغیر فطری طور پر حرکت کرتے ہوئے پایا گیا-

14 سیکنڈ کی خاموش ویڈیو میں ایک بھرا مقام دکھایا گیا جہاں پرفارمرز گٹار بجا رہے ہیں جب کہ کچھ صارفین موسیقی کی تال پر سر ہلا رہے ہیں،ویڈیو میں بعض افراد کو موسیقی پر تالیاں بجاتے، موبائل فون سے ویڈیوز بناتے اور موسیقی کی دھن پر سر ہلاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق تہران کی پبلک وینیوز پولیس نے کیفے کی سرگرمیوں سے متعلق شکایات موصول ہونے کے بعد کارروائی کی ایرانی حکام نے الزام عائد کیا کہ کیفے میں مغربی موسیقی کے پروگرام منعقد کیے جا رہے تھے اور وہاں نوجوان مرد و خواتین کیلئے ایسا ماحول فراہم کیا جا رہا تھا جسے پولیس نے ”گمراہ فرقو ں“ سے جوڑا، کیفے میں آنے والے بعض افراد ”عجیب و غیرمعمولی حرکات“ کرتے ہوئے دیکھے گئے۔

یاد رہے کہ مئی 2024 میں بھی ایرانی پولیس نے ایک زیرزمین راک میوزک فیسٹیول پر چھاپہ مار کر 260 سے زائد افراد کو گرفتار کیا تھا، جبکہ اس تقریب کو ”شیطان پرست اجتماع“ قرار دیا گیا تھا۔

More posts