پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے 20 ایرانی ملاحوں کی رہائی کے لیے حکومتِ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے ایک اہم انسانی اور دوستانہ اقدام قرار دیا ہے۔
ایرانی سفیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ ملاح سنگاپور کی حدود میں اپنے جہاز کی ضبطی کے باعث مشکل صورتحال کا شکار ہو گئے تھے۔ ان کے مطابق پاکستان کی بروقت سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ان ملاحوں کی رہائی ممکن ہوئی۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ وہ حکومتِ پاکستان کی انسان دوست اور خیرسگالی پر مبنی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزارتِ خارجہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلسل رابطوں اور سفارتی اقدامات کے باعث یہ پیش رفت ممکن ہوئی۔
بیان کے مطابق ایرانی ملاحوں کو سنگاپور سے اسلام آباد منتقل کیا گیا، جہاں سے وہ چند گھنٹے قبل بحفاظت اپنے وطن ایران واپس پہنچ گئے۔
ایرانی سفیر نے اس اقدام کو پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کی بہترین مثال قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں دونوں ممالک کا ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا خطے میں اعتماد اور دوستی کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
سفارتی حلقوں کے مطابق اس پیش رفت کو پاکستان اور ایران کے درمیان مثبت تعلقات کی اہم علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ایرانی شہریوں اور صارفین کی جانب سے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی کوششوں سے 20 ایرانی ملاح رہا، ایران کا اظہارِ تشکر
