Baaghi TV

گوجرخان میں ٹیکس فری مویشی منڈی روایتی مقام پر قائم کر دی گئی

gujar khan

وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق گلیانہ موڑ ذبح خانہ کے پاس مثالی انتظامات مکمل، بیوپاریوں اور خریداروں سے کوئی فیس یا ٹیکس نہیں لیا جائے گا
منڈی میں ویٹرنری، ریسکیو 1122 اور پیرامیڈیکل سٹاف کے کاؤنٹرز فعال، شکایات کے فوری ازالے کے لیے سپیشل سیل قائم، خضر ظہور گورائیہ کا دورہ
گوجرخان (نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عید الاضحیٰ کے مبارک موقع پر عوام اور بیوپاریوں کی سہولت کے لیے گوجرخان میں گلیانہ موڑ ذبح خانہ کے روایتی مقام پر شاندار ٹیکس فری قربانی کے جانوروں کی مویشی منڈی قائم کر دی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ نے منڈی کا تفصیلی دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود عملے کو ہدایات جاری کیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر خضر ظہور گورائیہ نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کے تحت مویشی منڈی میں کسی قسم کا کوئی ٹھیکیداری نظام نہیں ہے۔ بیوپاریوں، مویشی پال حضرات اور خریداروں سے جانور لانے، لے جانے، شہریوں کی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، رکشوں کی پارکنگ یا کھانے پینے کے سٹالز کی مد میں ایک روپیہ بھی وصول نہیں کیا جائے گا۔ منڈی مکمل طور پر ٹیکس اور فیس سے پاک ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منڈی میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کے لیے ستھرا پنجاب گوجرخان جے وی کمپنی کا کاونٹر، لائیوسٹاک کا ویٹرنری کاؤنٹر، ریسکیو 1122 اور پیرامیڈیکل سٹاف چوبیس گھنٹے الرٹ رہیں گے۔ مویشی پال حضرات بیوپاریوں خریداروں اور قربانی کے جانوروں کے لیے پینے کے پانی اور سائے دار ٹینٹ اور کنوپیوں کا بہترین بندوبست کیا گیا ہے۔ کسی بھی ناجائز وصولی یا شکایت کی صورت میں فوری کارروائی کے لیے موقع پر شکایت سیل قائم کر دیا گیا ہے تاکہ خریداروں اور بیوپاریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

More posts