Baaghi TV

ایران میں 55 روز بعد غیر ملکی پروازوں کی بحالی، فضائی آپریشن دوبارہ شروع

ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے باعث 55 روز تک بند رہنے والی بین الاقوامی فضائی سروس دوبارہ بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے محدود پیمانے پر بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں مدینہ، مسقط، استنبول، دوحہ، شنگھائی اور گوانگژو کے لیے پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں۔رپورٹس کے مطابق 55 روز کے وقفے کے بعد پہلی بار قطر ایئر ویز کی پرواز دوحہ سے تہران کے لیے روانہ ہوئی، جسے خطے میں فضائی روابط کی بحالی کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔اسی دوران تہران سے دبئی، لاہور، نجف اور مسقط کے لیے بھی پروازیں شیڈول کے مطابق چلائی جا رہی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران آہستہ آہستہ اپنے بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک کو بحال کر رہا ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق آئندہ دنوں میں فلائٹ آپریشن کو مزید وسعت دی جائے گی اور مزید بین الاقوامی روٹس کھولے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب مشہد ایئرپورٹ، جو ملک کے شمال مشرقی حصے کی بڑی فضائی سہولت ہے، پہلے ہی دوبارہ فعال کیا جا چکا ہے۔واضح رہے کہ ایران کی فضائی حدود 28 فروری کو شروع ہونے والی جنگ کے بعد بڑی حد تک بند رہی تھیں، تاہم 8 اپریل کو اعلان کردہ ابتدائی جنگ بندی کے بعد محدود فضائی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی تھی، جس کے نتیجے میں اب مکمل بحالی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

More posts