تہران: ایرانی انجمن ہلال احمر اور ایک روسی کمپنی کے درمیان 20 جدید ہیلی کاپٹرز کی خریداری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد ایران کی فضائی ریسکیو صلاحیتوں اور لاجسٹک نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق معاہدے پر دستخط روسی کمپنی کے ہیڈکوارٹر میں ہوئے، جہاں ایرانی انجمن ہلال احمر کے صدر پیر حسین کولیوند اور روسی ہیلی کاپٹرز کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل نکولائے کولیسوف نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
ماسکو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر حسین کولیوند نے کہا کہ روس سے 20 ہیلی کاپٹرز کی براہ راست خریداری کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد ملک کے فضائی ریسکیو بیڑے کو جدید بنانا، ہنگامی امدادی کارروائیوں کی استعداد بڑھانا اور لاجسٹک نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
انہوں نے اس معاہدے کو ایرانی ہلال احمر کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں چار جدید ہیلی کاپٹرز کی خریداری کا معاہدہ مکمل ہو چکا ہے۔ توقع ہے کہ یہ ہیلی کاپٹرز مارچ 2027 میں نوروز سے قبل ایران کے حوالے کر دیے جائیں گے۔
پیر حسین کولیوند کے مطابق خریدے جانے والے تمام ہیلی کاپٹرز جدید ٹیکنالوجی، نائٹ ویژن سسٹمز اور جدید حفاظتی آلات سے لیس ہوں گے، جس کے باعث وہ رات کے وقت بھی مؤثر انداز میں پرواز کر سکیں گے۔ ان ہیلی کاپٹرز کو آگ بجھانے، طبی امداد، قدرتی آفات میں ریسکیو آپریشنز اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جدید فضائی بیڑے کی شمولیت سے ہلال احمر کی امدادی کارروائیوں کی رفتار اور استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا، جبکہ دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں بروقت امداد پہنچانا بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان ہو جائے گا۔
ایران نے روس سے 20 جدید ہیلی کاپٹرز خریدنے کا معاہدہ کر لیا
