ایران کی وزارتِ توانائی نے شہریوں سے بجلی کا استعمال کم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے جنوبی علاقوں میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کے بعد بجلی کی فراہمی شدید دباؤ کا شکار ہے۔ حکام نے عوام سے خاص طور پر بجلی کے زیادہ استعمال کے اوقات میں احتیاط برتنے کی درخواست کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزارتِ توانائی نے جمعے کو جاری اپنے بیان میں شہریوں پر زور دیا کہ وہ بجلی کے زیادہ استعمال کے اوقات میں غیر ضروری برقی آلات، خصوصاً ائیر کنڈیشنرز، بند رکھیں تاکہ بجلی کی طلب میں کمی لائی جا سکے۔
وزارت کے مطابق اس اقدام سے جنوبی صوبوں میں بجلی کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے میں مدد ملے گی، جہاں ایک جانب شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور دوسری جانب توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو حالیہ حملوں کے باعث نقصان پہنچا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بجلی کی بچت سے قومی گرڈ پر دباؤ کم ہوگا اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل کو زیادہ مؤثر انداز میں برقرار رکھا جا سکے گا۔ حکام نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی مفاد میں توانائی کے محتاط استعمال کو یقینی بنائیں۔
رپورٹ کے مطابق ایران کے جنوبی علاقوں میں حالیہ دنوں میں توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جس کے باعث متعلقہ ادارے نظام کو مستحکم رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔
ادھر خطے میں جاری کشیدگی کے باعث توانائی کے شعبے پر بڑھتے ہوئے دباؤ نے عالمی منڈیوں میں بھی تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ صورتحال پر بین الاقوامی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
امریکی حملوں کے بعد ایران میں بجلی کا نظام دباؤ کا شکار، عوام سے بجلی بچانے کی اپیل
