پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈی پی ورلڈ ویمنز ایشیا کپ اور 20 ویں ایشین گیمز کے لیے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔ فاطمہ ثنا دونوں اہم ایونٹس میں پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت کریں گی۔
ایشیا کپ اور ایشین گیمز دونوں کے لیے فاطمہ ثنا، منیبہ علی، شوال ذوالفقار، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، سائرہ جبین، ایمان فاطمہ، ایمان نصیر، ام ہانی، طوبیٰ حسن، نشرہ سندھو اور مومنہ ریاست اسکواڈز کا حصہ ہوں گی۔
نجیہ علوی، وحیدہ اختر اور سعدیہ اقبال کو صرف ایشیا کپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جبکہ عالیہ ریاض، تسمیہ رباب اور حمنہ بلال ایشین گیمز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل ہوں گی۔
قومی ویمنز ٹیم کا ٹریننگ کیمپ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں 25 اگست تک جاری رہے گا، جہاں کھلاڑی دونوں بین الاقوامی ایونٹس کی تیاری کریں گی۔
ڈی پی ورلڈ ویمنز ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان گروپ اے میں بھارت، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ چین کے ساتھ شامل ہے۔
قومی ٹیم یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی، جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم مقابلہ 5 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ گرین شرٹس اپنا آخری گروپ میچ 7 ستمبر کو ہانگ کانگ چین کے خلاف کھیلیں گی۔
ایشیا کپ کے بعد قومی ویمنز ٹیم ایشین گیمز میں شرکت کے لیے جاپان روانہ ہوگی، جہاں ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ 17 سے 22 ستمبر تک منعقد ہوگا۔ پاکستان ویمنز ٹیم کو تھائی لینڈ کے ساتھ سیڈ کیا گیا ہے اور قومی ٹیم 17 ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل کھیلے گی۔
ایشیا کپ اور ایشین گیمز کے لیے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان
