اسلام آباد: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال، امن کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران خطے میں حالیہ پیش رفت، کشیدگی میں کمی اور امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی صدر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کے فروغ اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری، متوازن اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے لیے مسلسل رابطے، باہمی تعاون اور سفارتی کوششیں ناگزیر ہیں۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دفاعی تعاون، سرحدی سلامتی اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ایرانی صدر کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور ایران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ملاقات
