ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں کو تحویل میں لے لیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق خبر رساں ادارے تسنیم نے بتایا ہے کہ تحویل میں لیے گئے دونوں جہاز "قواعد کی خلاف ورزی” کے مرتکب تھے۔ رپورٹ میں ان جہازوں کی شناخت MSC Francesca اور Epaminondas کے ناموں سے کی گئی ہے۔تسنیم کے مطابق ان دونوں بحری جہازوں کو "ایرانی ساحل کی طرف لے جایا گیا ہے”، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ انہیں کس طریقے سے تحویل میں لیا گیا یا کن قانونی بنیادوں پر یہ کارروائی کی گئی۔رپورٹ میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ دونوں جہاز "بغیر ضروری اجازت ناموں کے سمندری حدود میں سرگرم تھے اور نیویگیشن سسٹمز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے ذریعے بحری سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے تھے”۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ دنوں میں امریکہ کی جانب سے ایک ایرانی جہاز کو تحویل میں لینے اور ایک دوسرے جہاز پر سوار ہونے کی رپورٹس بھی سامنے آ چکی ہیں، جس کے بعد خطے میں بحری کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔آبنائے ہرمز عالمی توانائی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے اور یہاں کسی بھی کشیدگی کے اثرات عالمی سطح پر محسوس کیے جاتے ہیں۔
