Baaghi TV

بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ کے واچ ٹاور کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، پاسداران انقلاب

‎ایرانی پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن "نصر 2” کی 27ویں لہر کے دوران کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ آئی آر جی سی کے مطابق کویت میں واقع امریکی فوجی اڈے "العدیری” پر گولہ بارود اور عسکری سازوسامان ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والے تین مقامات پر حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی۔
‎پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ ان حملوں کا مقصد امریکی فوجی صلاحیتوں کو نقصان پہنچانا تھا۔ دعوے کے مطابق العدیری فوجی اڈے پر موجود گوداموں میں دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی، جس سے وہاں موجود عسکری سامان کو نقصان پہنچا۔
‎آئی آر جی سی نے مزید دعویٰ کیا کہ بحرین میں قائم امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر کے واچ ٹاور کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اس تنصیب کو نقصان پہنچا۔ تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہو سکی اور نہ ہی امریکی حکام یا بحرینی حکومت کی جانب سے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری کیا گیا ہے۔
‎بیان میں ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا کہ یہ کارروائیاں امریکی اہداف کے خلاف جاری دفاعی آپریشنز کا حصہ ہیں۔ آئی آر جی سی نے ایرانی عوام کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
‎دوسری جانب خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خلیجی ممالک میں سیکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر ان دعوؤں کی تصدیق ہوتی ہے تو اس سے مشرقِ وسطیٰ میں پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ عالمی برادری مسلسل فریقین پر تحمل کا مظاہرہ کرنے اور سفارتی ذرائع سے تنازع کے حل پر زور دے رہی ہے۔

More posts