نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے مشرق وسطیٰ اور وسیع خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بات چیت کی۔
ازبک وزیر خارجہ نے پاکستان کی قیادت کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی تمام اقدامات، خصوصاً ابتدائی دو ہفتوں کی جنگ بندی ممکن بنانے میں کیے گئے کردار کے لیے ازبکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا،دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ یہ مسلسل کوششیں اور رابطے خطے اور اس سے باہر دیرپا امن اور استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔
دوسری جانب کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے کہا ہے کہ انہوں نے حالیہ دنوں میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے متعدد بار رابطہ کیا، جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انیتا آنند نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے انہیں آگاہ کیا کہ رواں ہفتے مزید مذاکرات متوقع ہیں انہوں نے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں، خصوصاً 2 ہفتوں کی جنگ بندی ممکن بنانے میں کردار، کو سراہا،انہوں نے کہا کہ کینیڈا ان مذاکرات کی حمایت کے لیے تیار ہے اور تمام فریقین پر زور دیا کہ جنگ بندی کو برقرار رکھا جائے اور اسے لبنان تک توسیع دی جائے۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مذاکرات کے عمل کے دوران قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا تاکہ خطے میں پائیدار امن کی کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔
