نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی کانگریسی وفد میں رکن کانگریس ریان زنکے اور مائیکل باؤمگارٹنر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں حالیہ عرصے کے دوران مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے، جسے مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔
دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ تجارتی روابط، سرمایہ کاری، آئی ٹی، توانائی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر پارلیمانی سطح پر رابطوں اور وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا، تاکہ باہمی اعتماد میں اضافہ ہو اور دیرینہ شراکت داری مزید مضبوط بن سکے۔
امریکی کانگریسی وفد نے امریکا میں مقیم پاکستانی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی معیشت اور معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وفد نے پاکستانی کمیونٹی کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے کا ایک مؤثر پل قرار دیا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی ارکان کانگریس نے خطے میں امن، استحکام اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو مزید وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری اور علاقائی استحکام کے مشترکہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
اسحاق ڈار سے امریکی کانگریسی وفد کی ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
