Baaghi TV


اسحاق ڈار اور وینزویلا کے نئے وزیر خارجہ کا رابطہ، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

‎اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وینزویلا کے نومنتخب وزیر خارجہ و وزیر تجارت، فیلکس پلاسینسیا، سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
‎اسحاق ڈار نے فیلکس پلاسینسیا کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور حالیہ تباہ کن زلزلوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر وینزویلا کی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں وینزویلا کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور امید ہے کہ وینزویلا اس قدرتی آفت سے جلد بحال ہو جائے گا۔
‎وینزویلا کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے اظہارِ ہمدردی اور تعزیت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے قدرتی آفات کے متاثرین کے لیے پاکستان کی انسانی ہمدردی پر مبنی حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔
‎فیلکس پلاسینسیا نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور مذاکرات کے فروغ میں کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی پالیسی کو مثبت قرار دیتے ہوئے اس کے عزم کی تعریف کی۔
‎دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور وینزویلا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا جائزہ لیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔ اس موقع پر تجارت، سرمایہ کاری، کاروبار، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مشترکہ مواقع سے فائدہ اٹھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
‎اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط کو مزید مضبوط بنانا وقت کی ضرورت ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دی جا سکے۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی اور کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا اور مشترکہ مفادات کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

More posts