Baaghi TV

اسرائیلی پارلیمنٹ مدت پوری ہونے پر تحلیل، 27 اکتوبر کو عام انتخابات ہوں گے

‎اسرائیل کی پارلیمنٹ کنیسٹ اپنی چار سالہ آئینی مدت مکمل کرنے کے بعد باضابطہ طور پر تحلیل کر دی گئی، جس کے بعد ملک میں 27 اکتوبر 2026 کو عام انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ تحلیل ہونے سے قبل وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کی اتحادی حکومت نے متعدد متنازع قوانین بھی منظور کرائے۔
‎امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق پارلیمنٹ کی تحلیل کے بعد کنیسٹ اب انتخابات سے قبل دوبارہ اجلاس نہیں کرے گی۔ انتخابی مہم کے آغاز کے ساتھ ہی تمام بڑی سیاسی جماعتیں عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے سرگرم ہو گئی ہیں۔
‎یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کو آئندہ انتخابات میں اقتدار برقرار رکھنے کے لیے سخت سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے۔ حالیہ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی مقبولیت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس سے آئندہ انتخابات میں سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
‎رپورٹس کے مطابق اپوزیشن اتحاد کی قیادت سابق وزیرِ اعظم نفتالی بینیٹ اور ایک معروف اعتدال پسند سابق فوجی سربراہ کر رہے ہیں، جو موجودہ حکومت کو سخت ٹکر دینے کے لیے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔
‎اسرائیل کی سیاسی تاریخ میں کسی بھی حکومت کا اپنی مکمل چار سالہ آئینی مدت پوری کرنا ایک غیر معمولی واقعہ سمجھا جاتا ہے۔ اس سے قبل آخری مرتبہ 1988 میں ایک اسرائیلی حکومت نے قبل از وقت انتخابات کے بغیر اپنی آئینی مدت مکمل کی تھی۔
‎اسرائیل میں وزیرِ اعظم کے عہدے کے لیے مدت کی کوئی آئینی حد مقرر نہیں ہے۔ بنیامین نیتن یاہو ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ عرصہ وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے رہنما ہیں، تاہم ان کی موجودہ حکومت کا مکمل چار سالہ دورانیہ پورا کرنا بھی اسرائیلی سیاست میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

More posts