Baaghi TV

جنگ ، دی نیوز گروپ نے مختلف شہروں میں میڈیا دفاتر فروخت کیلئے پیش کر دیے

پاکستان کے معروف میڈیا گروپ جنگ / دی نیوز، جو کہ میر شکیل الرحمان کی ملکیت ہے، نے ملک کے مختلف بڑے شہروں میں قائم اپنے میڈیا دفاتر فروخت کیلئے پیش کر دیے ہیں، جس کے بعد صحافتی اور میڈیا حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

جنگ اور دی نیوز میں شائع ہونے والے اشتہار کے مطابق لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی میں واقع گروپ کے اہم میڈیا دفاتر فروخت کیلئے دستیاب ہیں۔ ان میں لاہور کے ڈیوس روڈ پر قائم پرنٹنگ پریس اور میڈیا دفتر، راولپنڈی میں مری روڈ پر ریلوے برج کے قریب مرکزی دفتر، اسلام آباد میں ڈی چوک کے قریب بلیو ایریا میں واقع میڈیا آفس، جبکہ کراچی میں مین ملیر کالا بورڈ روڈ پر قائم دفتر شامل ہیں۔

اشتہار میں بتایا گیا ہے کہ ان دفاتر میں آفس اسپیس، پریس ایریاز، پارکنگ اور دیگر آپریشنل سہولیات موجود ہیں، جبکہ خریداروں کیلئے رابطہ معلومات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

میڈیا ماہرین کے مطابق یہ اقدام پاکستان کی روایتی پرنٹ میڈیا انڈسٹری کو درپیش بڑھتے ہوئے مالی دباؤ، اشتہارات میں کمی، بڑھتے اخراجات اور ڈیجیٹل میڈیا کی جانب تیزی سے منتقلی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں کئی بڑے میڈیا ادارے اخراجات کم کرنے اور آپریشنز محدود کرنے کیلئے ری اسٹرکچرنگ پالیسی اختیار کر رہے ہیں۔

اس پیش رفت کے بعد صحافیوں اور میڈیا ورکرز میں ممکنہ ملازمتوں کے خاتمے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ میڈیا حلقوں میں یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر دفاتر منتقل یا آپریشنز محدود کیے گئے تو ادارے سے وابستہ صحافیوں، ٹیکنیکل اسٹاف، پرنٹنگ ورکرز اور دیگر ملازمین کی بڑی تعداد متاثر ہو سکتی ہے۔

More posts