Baaghi TV

خیبرپختونخوا کو گیس کی فراہمی بند، عوام سڑکوں پر آ سکتے ہیں: فیصل کریم کنڈی

‎گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کو گیس کی فراہمی بند کر دی گئی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا اس وقت گندم اور گیس دونوں کے سنگین بحران کا سامنا کر رہا ہے۔
‎میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر پنجاب گندم فراہم نہیں کرتا تو سندھ سے گندم لانے کیلئے راہداری دی جائے تاکہ عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
‎انہوں نے خبردار کیا کہ اگر لوگوں کو روٹی نہیں ملے گی تو وہ سڑکوں پر نکل آئیں گے، اس لیے حکومت کو فوری اور سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔
‎گورنر خیبرپختونخوا نے صوبائی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے تھے۔
‎انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ اڈیالہ جیل کی سیاست کے بجائے صوبے کے مسائل پر توجہ دیں اور خیبرپختونخوا کے حقوق کیلئے مؤثر کیس تیار کر کے وفاق کے سامنے پیش کریں۔
‎فیصل کریم کنڈی کے مطابق خیبرپختونخوا کو درپیش مسائل صرف سیاسی بیانات سے حل نہیں ہوں گے بلکہ عملی اقدامات اور وفاقی سطح پر مضبوط مؤقف اپنانا ہوگا۔
‎سیاسی مبصرین کے مطابق خیبرپختونخوا میں گیس لوڈشیڈنگ اور گندم کی صورتحال عوام کیلئے تشویش کا باعث بنتی جا رہی ہے، جبکہ بڑھتی مہنگائی نے بھی شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
‎تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ صوبوں کے درمیان وسائل اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی پر تعاون نہ ہونے کی صورت میں سیاسی کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔

More posts