Baaghi TV


جماعت اسلامی کا عید کے بعد ملک گیر تحریک کا اعلان

‎جماعت اسلامی پاکستان نے عوامی مسائل کے حل کے لیے عیدالاضحیٰ کے بعد ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اس حوالے سے وکلا اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس تحریک میں بھرپور حصہ لیں۔
‎رحیم یار خان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں اشرافیہ کا نظام غریب عوام کا استحصال کر رہا ہے اور عام شہری مہنگائی اور معاشی دباؤ کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ دو برسوں میں لیوی کی مد میں تقریباً 2400 ارب روپے عوام سے وصول کیے گئے، جو مبینہ طور پر آئی پی پیز کو ادا کیے جا رہے ہیں۔
‎ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گزشتہ کئی دہائیوں سے وراثتی سیاست کا نظام جاری ہے جس نے جمہوری عمل کو کمزور کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے اقتدار کا حصول مزید قابل قبول نہیں ہوگا اور عوام اب اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوں گے۔
‎حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کسی بھی ایسے سیاسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی جو ذاتی مفادات پر مبنی ہو۔ انہوں نے عدلیہ کی کارکردگی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام عوامی توقعات پر پورا نہیں اتر سکا۔
‎انہوں نے وکلا برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آگے آئیں اور عوامی حقوق کے لیے اس تحریک میں شامل ہوں تاکہ ملک میں ایک منصفانہ اور شفاف نظام قائم کیا جا سکے۔

More posts