امریکی معروف کامیڈین جمی کمل کو اپنے ہی مذاق کی بھاری قیمت چکانا پڑ گئی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ سے متعلق ایک طنزیہ جملہ کہا، جس میں انہیں “متوقع بیوہ” قرار دیا گیا۔
اس بیان پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور میلانیا ٹرمپ شدید برہم ہوگئے۔ معاملہ اس قدر بڑھا کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جمی کمل کو برطرف کرنے کا مطالبہ سامنے آیا، جبکہ معروف میڈیا کمپنی ڈزنی کے ٹی وی لائسنس بھی خطرے میں پڑ گئے۔رپورٹس کے مطابق ایف سی سی نے ڈزنی کے خلاف تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا ہے، جس سے معاملہ مزید سنگین ہو گیا ہے۔تاہم جمی کمل نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیان محض صدر اور ان کی اہلیہ کے درمیان 23 سالہ عمر کے فرق پر ایک ہلکا پھلکا طنز تھا، جسے غلط انداز میں لیا گیا۔
دوسری جانب ہالی ووڈ اداکارجارج کلونی بھی جمی کمل کے دفاع میں سامنے آ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمی ایک کامیڈین ہے اور اس کے مزاح کو اس طرح سیاسی رنگ دینا خطرناک رجحان ہے۔ادھر ڈزنی نے بھی ایف سی سی کو قانونی جواب دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ اس معاملے نے امریکہ میں آزادیٔ اظہار اور میڈیا کی حدود پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
