جنوبی کوریا میں عالمی شہرت یافتہ پاپ بینڈ بی ٹی ایس کے رکن جنگ کوک کے گھر بار بار جانے اور پولیس کی متعدد وارننگز کو نظر انداز کرنے والی ایک برازیلین خاتون کو عدالت نے ایک سال قید کی سزا سنا دی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے خاتون کو اس بنیاد پر سزا سنائی کہ وہ پولیس کی واضح ہدایات کے باوجود مسلسل جنگ کوک کی رہائش گاہ پر جاتی رہیں اور ان کی نجی زندگی میں مداخلت کرتی رہیں۔ خاتون کی شناخت قانونی وجوہات کی بنا پر ظاہر نہیں کی گئی۔رپورٹس کے مطابق یہ خاتون پہلی مرتبہ گزشتہ سال دسمبر میں جنگ کوک کا پیچھا کرتے ہوئے ان کے گھر پہنچی، جہاں اس نے مبینہ طور پر گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی اور تصاویر اور خطوط پھینک کر ہنگامہ آرائی کی۔بعد ازاں 13 دسمبر کو خاتون ایک فوڈ ڈیلیوری ورکر کے پیچھے پیچھے جنگ کوک کی رہائش گاہ تک پہنچ گئی اور مبینہ طور پر گلوکار کے گھر کی گھنٹی 133 مرتبہ بجائی، جس پر پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ تاہم ایک روز بعد اسے سخت وارننگ کے ساتھ رہا کر دیا گیا اور واضح ہدایت دی گئی کہ وہ دوبارہ جنگ کوک کے گھر کے قریب نہ جائے۔
اس کے باوجود خاتون نے پولیس کی ہدایات کو نظر انداز کیا اور مسلسل جنگ کوک کی رہائش گاہ کے چکر لگاتی رہی۔ پولیس نے متعدد بار روکنے کی کوشش کی، لیکن رویے میں تبدیلی نہ آنے پر فروری میں مقدمہ پراسیکیوٹرز کے حوالے کر دیا گیا۔عدالتی کارروائی کے دوران استغاثہ نے بتایا کہ خاتون مجموعی طور پر تقریباً 22 مرتبہ جنگ کوک کی رہائش گاہ پر گئی، جسے عدالت نے ہراسانی اور پولیس احکامات کی مسلسل خلاف ورزی قرار دیا۔عدالت نے تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد خاتون کو ایک سال قید کی سزا سنائی۔ رپورٹس کے مطابق اگر خاتون کی جانب سے فیصلے کے خلاف دائر کی جانے والی ممکنہ اپیل مسترد ہو جاتی ہے تو سزا مکمل ہونے کے بعد انہیں جنوبی کوریا سے بے دخل کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
