Baaghi TV


کراچی لاہور موازنہ مناسب نہیں، مشترکہ کام کی ضرورت: مرتضیٰ وہاب

karachi

‎میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بارش کے دوران کراچی کی سڑکیں دو سے تین گھنٹوں میں صاف ہو جاتی ہیں اور ایسے حالات میں لاہور اور کراچی کا موازنہ کرنا مناسب نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات کے بجائے شہروں کی بہتری کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
‎لاہور میں واسا ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری درکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی اور لاہور کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے معاہدہ کیا جا رہا ہے اور واسا لاہور کی حکمت عملی سے سیکھا جائے گا۔
‎میئر کراچی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں شہر ایک دوسرے کے ساتھ اپنے انتظامی تجربات شیئر کرتے ہیں اور اسی طرح پاکستان کے بڑے شہر بھی ایک دوسرے سے سیکھ کر شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بلال یاسین کو کراچی آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ زمینی حقائق دیکھے بغیر موازنہ کرنا درست نہیں۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں پانی کے مؤثر استعمال کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں صنعتی استعمال کے لیے پانی کی فراہمی اور میٹھے پانی کے ذخائر کو محفوظ بنا کر شہریوں تک پہنچانا شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں واسا لاہور نے ٹیرف میں اضافہ کیا ہے، وہاں کراچی میں ایسا نہیں کیا گیا۔
‎اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب حکومت کراچی کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بارش یا دیگر مسائل میں واسا لاہور، واسا کراچی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔

More posts