پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث "پاپا گروہ” سے تعلق رکھنے والے ملزم نعمان احمد عرف پاپا (گروہ کا سرغنہ) ولد محمد ظہور احمد کو گرفتار کر لیا،گرفتار ملزم کے قبضے سے چھینے گئے 2 عدد موبائل فونز اور1 عدد موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی، کورنگی، گلستان جوہر، ملیر اور ملحقہ علاقوں حتیٰ کہ پنجاب میں بھی ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، فائرنگ، پولیس مقابلے، موٹرسائیکل اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔گرفتار ملزم تقریباً 200 سے 250 ڈکیتی کی مختلف وارداتوں، 40 سے 50 موٹرسائیکلیں، 300 سے 400 موبائل فونز اور تقریباً 50 سے 60 لاکھ روپے چھیننے میں ملوث ہے۔ گرفتار ملزم کے مطابق بھینس کالونی میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں زخمی ہوا اور شاہ فیصل کالونی میں پولیس مقابلے میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ گرفتار ملزم عادی مجرم ہے اور پنجاب میں بھی ڈکیتی کے الزام میں گرفتار ہو چکا ہے اس کے علاوہ گرفتار ملزم کے خلاف کراچی اور پنجاب کے کئی تھانوں میں مختلف نوعیت کی متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔ گرفتار ملزم کے دو ساتھی رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں جبکہ دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔گرفتار ملزم کو بمعہ برآمد شدہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
