عیدالاضحیٰ کے موقع پر پنجاب بھر میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت صفائی کے خصوصی انتظامات جاری ہیں، تاہم اس مہم میں ڈیوٹی انجام دینے والے صفائی ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک کی شکایات سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔
پنجاب کے شہر ڈی جی خان سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ستھرا پنجاب پروگرام کا ایک ورکر احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ کے رویے پر شدید ناراضی کا اظہار کر رہا ہے۔ ویڈیو میں ستھرا پنجاب کارکن کا کہنا ہے کہ عید کے دن سخت گرمی اور مسلسل ڈیوٹی کے باوجود انہیں معیاری کھانا اور بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ورکر نے ویڈیو بیان میں کہا کہ “ہمیں جو سالن اور روٹی دی گئی وہ کھٹی تھی اور اس میں سے بدبو آ رہی تھی، کوئی بھی کھانا نہیں کھا سکا، ساری روٹیاں ویسے ہی پڑی رہیں۔”
صفائی ملازم نے مزید شکایت کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود انہیں ٹھنڈا پانی تک فراہم نہیں کیا گیا جبکہ وہ عید کے موقع پر شہر کی صفائی کیلئے مسلسل کام کر رہے ہیں، صفائی عملے کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے اور انتظامیہ کو ان مسائل کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔
ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عید کے دن عوامی خدمت انجام دینے والے صفائی ملازمین کو بہتر سہولیات، معیاری کھانا اور مناسب آرام فراہم کیا جائے۔
