گھوٹکی باغی ٹی وی / نامہ نگار مشتاق علی لغاری
کنڈ کوٹ میں مبینہ طور پر غلط انجیکشن لگنے کے بعد 4 سالہ بچہ قربان ولد مہران بنگوار جاں بحق ہوگیا۔
ورثاء کے مطابق بچے کو طبیعت خراب ہونے پر علاج کے لیے ڈاکٹر اسداللہ نوناری کے پاس لے جایا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ علاج کے دوران بچے کو انجیکشن لگایا گیا، جس کے بعد اس کی حالت اچانک بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہوسکا۔بچے کی ہلاکت کی اطلاع ملنے پر ورثاء اور بنگوار برادری کے افراد میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ ورثاء اور برادری نے واقعے کے خلاف احتجاج کیا، جبکہ احتجاج کے دوران اسپتال میں مبینہ طور پر توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ بچے کی ہلاکت مبینہ طبی غفلت کے باعث ہوئی، اور مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے ذریعے بچے کی ہلاکت کی اصل وجہ سامنے لائی جائے اور اگر کسی ڈاکٹر یا طبی عملے کی غفلت ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
