تہران: ایران نے امریکا کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھمکیوں کے ماحول میں کسی حتمی معاہدے پر مذاکرات کا آغاز ممکن نہیں۔ یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکی آمیز گفتگو کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہوا تو امریکا "اپنا کام مکمل کرے گا”۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں امریکی صدر کے ریمارکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر دھمکیوں کا سلسلہ جاری رہا تو حتمی معاہدے سے متعلق مذاکرات شروع نہیں کیے جائیں گے۔
عباس عراقچی نے اپنے پیغام میں امریکا پر زور دیا کہ وہ اپنے کیے گئے وعدوں کا احترام کرے۔ انہوں نے لکھا، "اگر دھمکیاں جاری رہیں تو حتمی معاہدے پر مذاکرات شروع نہیں ہوں گے، اپنے دستخط کی پاسداری کریں۔”
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کا مؤقف گزشتہ ماہ طے پانے والی ایران امریکا مفاہمتی یادداشت کے آرٹیکل 13 کے مطابق ہے، جس میں فریقین کے درمیان باہمی احترام اور طے شدہ اصولوں کی پاسداری پر زور دیا گیا تھا۔
دھمکیوں کے سائے میں مذاکرات نہیں ہوں گے، ایران کا امریکا کو دوٹوک جواب
