موناکو میں یوکرینی کاروباری شخصیت پر ہونے والے بم حملے کی مرکزی مشتبہ ملزمہ یوکرین میں مردہ پائی گئی، جس کے بعد یوکرینی حکام نے قتل کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
انٹرپول نے اس سے قبل 39 سالہ اناستاسیا بیریزووسکا کو بم حملے کی مشتبہ ملزمہ قرار دیا تھا۔ وہ یوکرین میں پیدا ہوئی تھیں اور حالیہ عرصے میں جرمنی میں مقیم تھیں۔
یوکرینی پولیس اور پراسیکیوٹر آفس کے مطابق بیریزووسکا کی لاش سر میں گولیوں کے زخموں کے ساتھ برآمد ہوئی، جبکہ جائے وقوعہ سے پستول کے خول بھی ملے ہیں، جس سے واقعے کو قتل قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق قتل کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن پر پیشگی منصوبہ بندی کے تحت واردات انجام دینے کا شبہ ہے۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں سے ایک یوکرین کی وزارتِ دفاع کے مرکزی انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کا حاضر سروس اہلکار ہے، جس نے دورانِ تفتیش بیریزووسکا کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق اس ملزم نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ دوسرا گرفتار شخص، جو سابق قانون نافذ کرنے والے ادارے کا اہلکار ہے، اس قتل میں اس کا ساتھی تھا۔
یوکرینی تفتیشی ادارے واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس قتل کا تعلق موناکو بم حملے سے ہے یا اس کے پس پردہ کوئی اور محرکات کارفرما تھے۔
موناکو بم حملے کی مرکزی ملزمہ یوکرین میں مردہ پائی گئی، دو افراد گرفتار
