نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان کی مختلف کثیرالجہتی سفارتی اقدامات اور عالمی فورمز میں جاری سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم کو آئندہ ہونے والی اہم بین الاقوامی تقریبات اور اعلیٰ سطحی اجلاسوں کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ حکام نے مختلف عالمی فورمز میں پاکستان کی شرکت، سفارتی ترجیحات اور جاری انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے اس موقع پر پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک عالمی سطح پر کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مختلف بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے تمام تیاریاں بروقت مکمل کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے، بین الاقوامی تعاون کے فروغ اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے۔
اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ، اسپیشل سیکرٹری (اقوام متحدہ)، ایڈیشنل سیکرٹری (ایشیا پیسیفک) سمیت وزارت خارجہ کے دیگر سینئر حکام نے شرکت کی اور مختلف سفارتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں آئندہ بین الاقوامی مصروفیات، پاکستان کی سفارتی ترجیحات اور مختلف عالمی پلیٹ فارمز پر مؤثر نمائندگی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اسحاق ڈار کی زیرصدارت اہم اجلاس، پاکستان کی کثیرالجہتی سفارت کاری کا جائزہ
