Baaghi TV

گوجر خان میں 17 سالہ لڑکی غیرت کے نام پہ قتل

‎راولپنڈی کے شہر گوجر خان میں 17 سالہ لڑکی کے قتل کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں درج کرلیا ہے، جس میں مقتولہ کے بھائی پر فائرنگ کرکے اپنی بہن کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
‎پولیس کے مطابق واقعہ گوجر خان کے علاقے سکھو روڈ کے قریب پیش آیا۔ مقتولہ کے والد نے مقدمے میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کی بیٹی کو ان کے بیٹے نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔
‎والد کے مطابق مقتولہ نے جنوری میں اپنی رخصتی کے روز گھر سے نکل کر اپنی پسند سے شادی کرلی تھی۔ شادی کے بعد وہ اپنے شوہر کے ہمراہ کراچی میں رہائش پذیر تھی۔
‎مقدمے کے مطابق تقریباً چار روز قبل مقتولہ کا بھائی صلح صفائی کے بعد اپنی بہن کو کراچی سے واپس گوجر خان لے آیا تھا۔ والد کا کہنا ہے کہ بیٹے نے اپنی بہن اور بہنوئی کے لیے کرائے پر الگ گھر بھی لیا تھا تاکہ دونوں وہاں رہائش اختیار کرسکیں۔
‎والد کے بیان کے مطابق گزشتہ روز جب وہ اپنی بیٹی سے ملنے کے لیے مذکورہ گھر پہنچے تو وہاں شور شرابہ ہو رہا تھا۔ ان کا الزام ہے کہ اسی دوران بیٹے نے انہیں دیکھتے ہی پستول نکالا اور اپنی بہن پر فائرنگ کردی۔
‎فائرنگ کے نتیجے میں 17 سالہ لڑکی جان کی بازی ہار گئی۔ پولیس نے والد کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
‎واقعے کی اصل وجوہات اور ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔ پولیس شواہد اور عینی گواہوں کے بیانات کی روشنی میں مقدمے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

More posts