مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں ایل اے 37جموں فور میں انتخابی دھاندلیوں،انتظامیہ کی جانب سے ن لیگی امیدوار کی حمایت،انتظامی بے ضابطگیوں کے ویڈیو شواہد میڈیا کے سامنے پیش کردیئے اور کہا کہ ن لیگ سیٹ جیتی نہیں بلکہ جتوائی گئی،مرکزی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار عثمان علیم کو واضح برتری ملی،ہمارے امیدوار کے 61 پولنگ سٹیشن کے فارم 24 نہیں دیئے گئے، انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات،کاروائی اور ضرورت پڑنے پر اس حلقے میں دوبارہ انتخابات کروائے جائیں
لاہور کے مقامی ہوٹل میں سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز،ڈپٹی سیکرٹری جنرل مرکزی مسلم لیگ خالد نیگ گجر،مرکزی ترجمان مرکزی مسلم لیگ ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، پیر سید اعجاز الحسن شاہ،جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ نارووال عرفان مہیس،امیدوار ایل اے 37 جموں فور عثمان علیم، صدر مسلم یوتھ لیگ تابش قیوم نے پریس کانفرنس کی ،اس موقع پر دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ نارووال میں انتخابی عمل کے دوران سنگین بے ضابطگیاں کی گئیں۔ کاؤنٹنگ کے وقت ان کے پولنگ ایجنٹس کو زبردستی باہر نکالا گیا اور امیدواروں و الیکشن ایجنٹس کو کنسولیڈیشن کے عمل سے دور رکھا گیا۔ فارم 45 سے فارم 47 تک کے مرحلے کو شفاف انداز میں مکمل نہیں ہونے دیا گیا، مرکزی مسلم لیگ کے پاس ویڈیوز، فارم اور دیگر دستاویزی شواہد موجود ہیں، جنہیں الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے پہلے جمع کرائی گئی شکایات پر بھی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی،انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کے مینڈیٹ کا مکمل احترام کیا جائے، انتخابی نتائج سے متعلق تحفظات کا غیرجانبدارانہ جائزہ لیا جائے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے اور اگر ضروری ہو تو متعلقہ حلقے میں شفاف انداز میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں،
ترجمان مرکزی مسلم لیگ ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران نارووال میں بڑے پیمانے پر انتخابی بے ضابطگیاں ہوئیں، جن کے مضبوط شواہد ہمارے پاس موجود ہیں،اس موقع پر سات منٹ پر مشتمل ویڈیو میں انتخابی بے ضابطگیوں کے ثبوت کو میڈیا کے سامنے پیش کئے گئے، ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ متعدد پولنگ اسٹیشنز پر پولیس نے پولنگ ایجنٹس کو کاؤنٹنگ سے قبل باہر نکال دیا، جبکہ پولنگ کے دوران پولیس کی موجودگی میں غیرقانونی سرگرمیاں جاری رہیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پریس کانفرنس میں بھی ایسی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں مبینہ طور پر جعلی انتخابی مواد، مہریں اور دیگر شواہد دکھائے گئے،پریس کانفرنس کے دوران مرکزی مسلم لیگ کی قیادت نے کہا کہ وہ قانونی اور آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ہر فورم پر اپنے مؤقف کا دفاع جاری رکھے گی اور انتخابی عمل کی شفافیت کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
