لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے لاہور ہائیکورٹ میں نئی سٹیٹ آف دی آرٹ کثیرالمنزلہ عمارت کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس عابد عزیز شیخ سمیت دیگر فاضل ججز نے شرکت کی۔
تقریب میں جسٹس صداقت علی خان، جسٹس سید شہباز علی رضوی، جسٹس فیصل زمان خان، جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس چودھری محمد اقبال سمیت لاہور ہائیکورٹ کے تمام فاضل ججز بھی موجود تھے۔نئی کثیرالمنزلہ عمارت میں گراؤنڈ فلور، 8 بالائی منزلیں اور 2 زیرِ زمین منزلیں شامل ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ میں پہلے سے موجود 42 عدالتوں کے علاوہ نئی عمارت میں مزید 26 عدالتیں قائم کی گئی ہیں۔نئی عمارت کی دونوں زیرِ زمین منزلیں فاضل ججز کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مختص کی گئی ہیں، جبکہ ایک منزل پر جدید کانفرنس روم اور دو منزلوں پر عدالتی ریکارڈ رومز قائم کیے گئے ہیں۔عمارت میں ہائیکورٹ کے ملازمین اور پولیس اہلکاروں کے لیے کیفے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ نئی عدالتوں کے قیام کو لاہور ہائیکورٹ کے عدالتی نظام میں توسیع اور سہولیات میں بہتری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
