اسلام آباد: پمز ہسپتال میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ذمہ داران کے خلاف کارروائی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پمز انتظامیہ کے معطل 8 افسران کے خلاف فوجداری کارروائی مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ ان کے خلاف مقدمات درج کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ انکوائری کمیٹی نے اپنی سفارشات میں معطل افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کی سفارش کی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل 8 افسران کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس کے بعد ان کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد ہوگی۔معطل افسران میں پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر بھی شامل ہیں۔
وفاقی پولیس نے واقعے میں نامزد پمز کے 8 معطل افسران کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی باضابطہ سفارش کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات کے نتیجے میں ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا دائرہ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
