Baaghi TV

لاہور ہائی کورٹ میں 2026 کی پہلی آئینی درخواست دائر

lahore high court

لاہور ہائی کورٹ میں سال 2026 کی پہلی آئینی درخواست دائر کر دی گئی ہے، جو وکلاء کی ایک نجی تنظیم کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

درخواست میں پنجاب بھر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی مفت اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔درخواست گزار کے مطابق صوبے کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات سمیت متعدد ضروری میڈیسن کی شدید قلت سامنے آ رہی ہے، جس کے باعث مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی نہ صرف صحت کے نظام پر سوالیہ نشان ہے بلکہ یہ شہریوں کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔

درخواست میں واضح کیا گیا ہے کہ آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 9 ہر شہری کو زندگی اور صحت کا بنیادی حق فراہم کرتا ہے، جبکہ آرٹیکل 25 قانون کے سامنے برابری کی ضمانت دیتا ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی قلت ان آئینی شقوں کے منافی ہے، کیونکہ غریب اور مستحق مریض مہنگی ادویات خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔درخواست گزار وکلاء تنظیم نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ وہ پنجاب حکومت اور متعلقہ محکموں کو پابند کرے کہ صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں میں تمام ضروری اور جان بچانے والی ادویات فوری طور پر فراہم کی جائیں اور مستقبل میں ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے۔

More posts