پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی اسلامی و خلیجی ممالک کیلئے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر مقررکر دیئے گئے
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے مولانا طاہر محمود اشرفی کو مشرقِ وسطیٰ اور مسلم ممالک میں مذہبی ہم آہنگی اور پاکستانی تارکینِ وطن کے لیے کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا ہے۔ یہ تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مولانا طاہر محمود اشرفی یہ ذمہ داریاں اعزازی بنیادوں پر انجام دیں گے۔ ان کی تقرری کا مقصد مشرقِ وسطیٰ اور دیگر مسلم ممالک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے ساتھ ساتھ وہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل، رابطوں اور قومی تشخص کے مؤثر فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق اس تقرری کے بعد متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ ضروری انتظامی اور دفتری کارروائی مکمل کریں۔ اس حوالے سے سیکریٹری مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کو بھی باقاعدہ آگاہ کر دیا گیا ہے۔اعلامیے پر وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ کے دستخط موجود ہیں، جبکہ نوٹیفکیشن نمبر 3901/APM/2025 کے تحت یہ فیصلہ 31 دسمبر 2025 کو جاری کیا گیا۔
