Baaghi TV

لاہور،پی ٹی آئی وکلا ریلی کے دوران صحافی پر پولیس کا تشدد،گرفتار،آدھے گھنٹے بعد رہائی

لاہور میں کریک ڈاؤن، صحافی پر مبینہ تشدد، پولیس کی حراست کے بعد رہائی

لاہور میں پاکستان تحریکِ انصاف کے وکلا کی ریلی کے دوران ایوانِ عدل میں کوریج کرنے والے آج ٹی وی کے کورٹ رپورٹر ناطق ریحان کو پولیس نے تشدد کا نشانہ بنایا اور حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق ناطق ریحان کوریج کے فرائض انجام دے رہے تھے کہ پولیس اہلکاروں نے انہیں لاٹھی چارج کے دوران پکڑ کر پولیس وین میں منتقل کر دیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ متعدد افراد پولیس اہلکاروں کو مسلسل بتاتے رہے کہ زیرِ حراست شخص ایک صحافی ہے، تاہم اس کے باوجود اہلکاروں نے ان کی ایک نہ سنی۔اطلاعات کے مطابق ناطق ریحان کو تقریباً آدھے گھنٹے تک پولیس کی تحویل میں رکھا گیا، جس کے بعد متعلقہ ایس پی کی مداخلت پر انہیں رہا کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد صحافی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اس واقعے کا فوری نوٹس لیں، حقائق کی شفاف تحقیقات کرائیں اور اگر کسی اہلکار کی جانب سے اختیارات سے تجاوز ثابت ہو تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

More posts