اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات، علاقائی امن اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ "ایران کی کامیابی ہماری کامیابی ہے اور ایران کی ناکامی ہماری ناکامی ہے۔” انہوں نے فارسی شعر کے ذریعے دونوں ممالک کے تاریخی اور ثقافتی رشتوں کو خراج تحسین پیش کیا، جس پر ایرانی وفد نے بھرپور انداز میں داد دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے اور پاکستان نے اس عمل میں ثالث کے طور پر اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی اور مذاکرات کا کامیاب ہونا پورے خطے کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے اور امید ہے کہ اس سے امن کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔
شہباز شریف نے ایران میں جاں بحق ہونے والے افراد پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے ایران کی قیادت اور عوام کے حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں ان کی ثابت قدمی قابل تحسین ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امن مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور اور انتھک محنت کی، جبکہ قطر کے امیر، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے بھی امن عمل کی بھرپور حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تجارت، توانائی، سرمایہ کاری اور دیگر تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔
اس موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے خطاب کا آغاز شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے شعر سے کیا اور کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات منفرد نوعیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان اور ایران دو قلب ایک جان ہیں” اور دونوں ممالک مشترکہ مستقبل اور مشترکہ منزل کے شراکت دار ہیں۔
ایرانی صدر نے پاکستان کی میزبانی اور امن مذاکرات میں تعمیری کردار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط پاکستان پر اعتماد کی بدولت ممکن ہوئے، جبکہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی علاقائی امن، اقتصادی تعاون اور باہمی ترقی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
ایران کی کامیابی ہماری کامیابی ہے، پاکستان اور ایران دو قلب ایک جان ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
