وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور توانائی کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ حالیہ دنوں میں گیس کی کمی کے باعث محدود وقت کے لیے لوڈ شیڈنگ کرنا پڑی، تاہم اب حالات معمول پر آ چکے ہیں۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ حکومت نے ذمہ دارانہ فیصلے کرتے ہوئے عوام کو مہنگی بجلی سے بچانے کو ترجیح دی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ لوڈ شیڈنگ کسی انتظامی ناکامی، نظام کی خرابی یا بجلی کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے نہیں تھی بلکہ گیس کی فراہمی متاثر ہونے کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی۔
اویس لغاری کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث گیس کی سپلائی متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار پر اثر پڑا۔ تاہم حکومت نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے اس مسئلے کو حل کیا اور بجلی کی فراہمی کو بہتر بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ پن بجلی کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس سے مجموعی توانائی نظام کو استحکام ملا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دیگر وسائل کو بھی مؤثر انداز میں استعمال کیا گیا تاکہ عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔
وزیر توانائی نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت مستقبل میں بھی توانائی کے شعبے میں بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل دوبارہ پیدا نہ ہوں۔
لوڈ مینجمنٹ ختم، بجلی صورتحال بہتر ہوگئی: اویس لغاری
