Baaghi TV

لارڈز ٹیسٹ: انگلینڈ نے پاکستان کو 194 رنز سے ہرادیا، 14 سال بعد شکست

لارڈز ٹیسٹ کے پانچویں روز انگلینڈ نے پاکستان کو 194 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ اس شکست کے ساتھ پاکستان کو 14 سال بعد لارڈز کے تاریخی میدان پر ٹیسٹ میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

انگلینڈ نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 389 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم قومی ٹیم کی پوری بیٹنگ لائن 194 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ سعود شکیل نے مزاحمت کرتے ہوئے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، لیکن وہ اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے 26 رنز بنائے، جبکہ بابر اعظم اور اذان اویس 6،6 رنز تک محدود رہے۔ محمد رضوان صرف ایک رن بنا سکے جبکہ عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 208 رنز بنائے تھے، تاہم پہلی اننگز میں حاصل ہونے والی 180 رنز کی برتری نے اسے پاکستان کے سامنے بڑا ہدف رکھنے میں مدد دی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے ایک بار پھر عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ خرم شہزاد اور محمد علی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 290 رنز بنائے تھے۔ جواب میں پاکستانی ٹیم صرف 37.2 اوورز میں 110 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی، جس کے باعث انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 180 رنز کی اہم برتری حاصل ہوئی۔

دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان تین میچز کی سیریز میں 0-2 سے پیچھے ہے اور انگلینڈ نے سیریز اپنے نام کرلی ہے۔

More posts