انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بارش کے باعث میچ کا ٹاس دو مرتبہ تاخیر کا شکار ہوا، جبکہ موسم کی پیشگوئی کے مطابق دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا امکان موجود ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پہلے بولنگ کے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ موسم ابر آلود ہے اور پچ پر موجود گھاس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے گی۔
دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم میں کپتان بابر اعظم کی واپسی ہوئی ہے، جس کے باعث پہلے ٹیسٹ میں ٹیم کی قیادت کرنے والے سلمان علی آغا کو پلیئنگ الیون سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انگلش کپتان جو روٹ نے کہا کہ وہ بھی ٹاس جیتنے کی صورت میں پہلے بولنگ کرنے کو ترجیح دیتے۔ انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی، پچ دیکھنے میں اچھی محسوس ہورہی ہے اور ٹیم کی کوشش ہوگی کہ بڑا اسکور بنایا جائے۔
اس سے قبل لارڈز میں پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم نے کہا تھا کہ ٹیم میں کوئی ایک کھلاڑی اہم نہیں، جس کھلاڑی کی ٹیم کو ضرورت ہوگی اسے موقع دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دستیاب بہترین کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کی کوشش کرے گا۔
