Baaghi TV

محبت کے اظہار سے 5500 روپے کا چالان، نوجوان کی گاڑی وائرل

بھارت میں محبت کے اظہار کا انوکھا انداز ایک نوجوان کو مہنگا پڑگیا، گاڑی پر بنائے گئے تقریباً 3 ہزار 400 لپ اسٹک کے بوسوں کے نشانات سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تو ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مالک کو 5 ہزار 500 بھارتی روپے کا چالان کردیا۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں آدتیہ سیکروار نامی نوجوان کے ساتھ پیش آیا۔ نوجوان کی گاڑی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں اور گاڑی دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

رپورٹ کے مطابق چالان کی اصل وجہ گاڑی کا سوشل میڈیا پر وائرل ہونا نہیں بلکہ اس کی باڈی پر بنے وہ نشانات تھے جنہیں پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ گاڑی کی تقریباً پوری باڈی پر لپ اسٹک سے بوسوں کے نشانات بنے ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق گاڑی پر تقریباً 3 ہزار 400 لپ اسٹک کے بوسوں کے نشان موجود تھے، جو آدتیہ کی گرل فرینڈ نے بنائے تھے۔ اس نے محبت کے اظہار کا یہ منفرد طریقہ ایک غیر ملکی سوشل میڈیا ٹرینڈ سے متاثر ہوکر اپنایا تھا۔

گرل فرینڈ نے گاڑی پر ایک ایک کرکے تمام نشانات بنائے، جس میں اسے تقریباً چار گھنٹے لگے۔ گاڑی پر اتنے زیادہ نشانات بننے کے بعد اس کی ظاہری شکل انتہائی منفرد ہوگئی اور سڑک پر نکلتے ہی لوگ اسے دیکھنے اور اس کی تصاویر بنانے لگے۔

بعدازاں گاڑی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ پولیس نے وائرل تصاویر میں نظر آنے والے گاڑی کے رجسٹریشن نمبر کی مدد سے مالک کا سراغ لگایا اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا۔

پولیس نے آدتیہ کو طلب کرکے گاڑی کے حوالے سے پوچھ گچھ کی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 5 ہزار 500 بھارتی روپے کا چالان کردیا۔

پولیس کارروائی کے بعد آدتیہ کی گرل فرینڈ نے اپنی غلطی تسلیم کرلی، تاہم معاملے کا مالی بوجھ بھی نوجوان کو ہی برداشت کرنا پڑا۔ اسے نہ صرف چالان کی رقم اپنی جیب سے ادا کرنا پڑی بلکہ گاڑی پر موجود ہزاروں لپ اسٹک کے نشانات بھی خود صاف کرنے پڑے۔

یوں محبت کے اظہار کے لیے بنائے گئے 3400 بوسوں کے نشان سوشل میڈیا پر شہرت کا باعث تو بنے، لیکن آخرکار یہی نشان نوجوان کے لیے ٹریفک چالان اور گاڑی صاف کرنے کی اضافی مشقت کا سبب بن گئے۔

More posts