Baaghi TV

ایل پی جی مہنگی، اوگرا نے ستمبر کیلئے نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ستمبر 2026 کے لیے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا، جس کے تحت ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 33 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ستمبر کے لیے ایل پی جی کی نئی صارف قیمت 258 روپے 65 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ اگست میں ایل پی جی 254 روپے 32 پیسے فی کلو فروخت ہو رہی تھی۔

نئی قیمت کے مطابق 11.8 کلوگرام کے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 52 روپے 9 پیسے مقرر کی گئی ہے، جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 51 روپے 17 پیسے زیادہ ہے۔

اوگرا کے مطابق ستمبر کے لیے ایل پی جی کی صارف قیمت 2 لاکھ 58 ہزار 651 روپے 52 پیسے فی ٹن مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی پروڈیوسر قیمت میں بھی 4 ہزار 336 روپے 17 پیسے فی ٹن اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ستمبر کے لیے پروڈیوسر پرائس 2 لاکھ 17 ہزار 351 روپے 52 پیسے فی ٹن ہوگئی ہے۔

ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم ستمبر 2026 سے ہوگا۔

ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کے ساتھ ملک میں دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی عالمی توانائی منڈی میں اتار چڑھاؤ اور خطے کی کشیدہ صورتحال سے متاثر ہو رہی ہیں۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا مکمل بوجھ عوام پر منتقل کرنے کے بجائے حکومت نے اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق حکومت نے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے بچانے کے لیے 130 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے۔

یوں ستمبر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں تازہ اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث پاکستان میں ایندھن کی قیمتیں بھی دباؤ کا شکار ہیں۔

More posts