Baaghi TV

بلاول بھٹو نے اپنی منگنی اور شادی سے متعلق خبروں کی تردید کردی

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی منگنی اور شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا۔

اپنے ویڈیو بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سوشل میڈیا نے ان کی بات پکی کرنے کے ساتھ ساتھ منگنی اور شادی بھی کروا دی ہے، تاہم حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہوا۔

بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ اگر ان کی زندگی سے متعلق کوئی اہم فیصلہ ہوا تو اس کا اعلان ان کا خاندان خود کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی ’’شہزادی گلوریا‘‘ کو بھی نہیں جانتے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو ’’تماشا‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی باتوں کا مقصد عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا ہے۔

بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں پمز اسپتال کے سانحے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان کے دارالحکومت میں 14 بچے جاں بحق ہوئے، جس پر اصل توجہ ہونی چاہیے۔

انہوں نے ایک وفاقی وزیر کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو وزیر پاکستان کا ’’گورباچوف‘‘ بننا چاہتا ہے اور ملک کے ’’تیس ٹکڑے‘‘ کرنا چاہتا ہے، وہ ایک اسپتال بھی نہیں سنبھال سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی وزیر لاہور کے کاروباری افراد سے صوبے بنانے اور چلانے کی بات کر رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ بات ایسے وقت میں کی جا رہی ہے جب سندھ اسمبلی نئے صوبوں کے معاملے پر ایک واضح اور جرات مندانہ مؤقف اختیار کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سوشل میڈیا اور بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری بلاول کی ممکنہ منگنی کے سلسلے میں ایک آسٹرین خاندان سے بات چیت کے لیے ویانا میں موجود ہیں۔

گردش کرنے والی خبروں میں بلاول کی ممکنہ دلہن کو آسٹریا کے سابق شاہی خاندان ’ہاؤس آف ہیبسبرگ-لورین‘ سے جوڑا گیا تھا، جبکہ بعض رپورٹس میں انہیں آسٹریا کے آخری شہنشاہ کارل اول کے خاندان سے منسوب کیا گیا تھا۔

تاہم بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ویڈیو بیان میں ان تمام دعوؤں کی واضح طور پر تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی منگنی یا شادی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

More posts