خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دو مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون اور دو بچے زخمی ہوگئے۔ پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ ہنیالہ شاہ حسن خیل میں پیش آیا، جہاں دو گروپوں کے درمیان دیرینہ تنازع خونریز تصادم میں تبدیل ہوگیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں عطاءاللہ گروپ کے 5 افراد اور مخالف گروپ کا ایک شخص شامل ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے اور مزید کشیدگی روکنے کے لیے سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔
دوسری جانب کڑی خیسور کے علاقے وانڈہ علی میں نامعلوم افراد نے اقبال نامی شخص کے گھر پر ہینڈ گرنیڈ پھینکا اور فائرنگ بھی کی۔ حملے کے نتیجے میں ایک خاتون اور دو بچے زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد متاثرہ خاندان کے افراد اور مقامی شہریوں نے ایس پی پہاڑپور کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے حملہ آوروں کی فوری گرفتاری، متاثرہ خاندان کو تحفظ فراہم کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
پولیس کے مطابق ہینڈ گرنیڈ حملے اور فائرنگ کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ڈی آئی خان میں دو گروپوں کے تصادم میں 6 افراد جاں بحق
