واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور منفرد فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے اب میٹا اے آئی کے ساتھ مکمل پرائیویٹ چیٹنگ ممکن ہو سکے گی۔
کمپنی کی جانب سے متعارف کرائے گئے اس نئے فیچر کا نام “Incognito Chats with Meta AI” رکھا گیا ہے۔ یہ فیچر گوگل کروم کے انکوگینٹو موڈ کی طرز پر کام کرے گا، جہاں چیٹس زیادہ محفوظ اور نجی انداز میں کی جا سکیں گی۔
واٹس ایپ کے مطابق اس فیچر کے ذریعے صارفین میٹا اے آئی چیٹ بوٹ سے ایسی گفتگو کر سکیں گے جس تک کسی اور کی رسائی نہیں ہوگی، حتیٰ کہ میٹا کمپنی خود بھی ان چیٹس کو نہیں پڑھ سکے گی۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ خصوصی انکوگینٹو موڈ صرف میٹا اے آئی کے لیے دستیاب ہوگا۔ واٹس ایپ میں موجود دیگر اے آئی چیٹ بوٹس کے لیے یہ سہولت فراہم نہیں کی جائے گی، اور ان کے پیغامات متعلقہ کمپنیاں دیکھ سکیں گی۔
میٹا کے مطابق انکوگینٹو چیٹس کو ایک محفوظ “پرائیویٹ پراسیسنگ” ماحول میں پراسیس کیا جائے گا تاکہ صارفین کی معلومات مکمل طور پر محفوظ رہیں۔
اس فیچر کی ایک اہم خاصیت یہ بھی ہوگی کہ تمام پیغامات بائی ڈیفالٹ خودکار طور پر غائب ہو جائیں گے، جس سے صارفین کی پرائیویسی مزید مضبوط ہو جائے گی۔
کمپنی نے بتایا کہ اس فیچر کی مرحلہ وار فراہمی شروع کر دی گئی ہے اور آنے والے دنوں میں دنیا بھر کے صارفین کو دستیاب ہوگی۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ اگلے مرحلے میں “Side Chat Protected by Private Processing” نامی ایک اور فیچر بھی متعارف کرایا جائے گا۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین ہر چیٹ کو الگ سے انکوگینٹو موڈ میں استعمال کر سکیں گے جبکہ مرکزی چیٹ محفوظ اور متاثر ہوئے بغیر کام کرتی رہے گی۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق واٹس ایپ کا یہ اقدام صارفین کی پرائیویسی کے حوالے سے ایک بڑی پیش رفت سمجھا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب اے آئی چیٹس اور ڈیجیٹل سکیورٹی عالمی سطح پر اہم موضوع بن چکے ہیں۔
واٹس ایپ میں انکوگینٹو اے آئی چیٹس فیچر متعارف، میٹا بھی پیغامات نہیں پڑھ سکے گا
