لبنان میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں جنوبی لبنان پر تازہ فضائی حملوں میں 4 خواتین سمیت کم از کم 9 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
لبنانی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ متاثرہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث جنوبی لبنان میں سکیورٹی صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے جبکہ شہری آبادی شدید دباؤ اور خوف کا شکار ہے۔
خبر ایجنسی نے بتایا کہ گزشتہ روز بھی بیروت سمیت جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر حملے کیے گئے تھے جن میں 8 بچوں سمیت مجموعی طور پر 22 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ ان حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل فضائی حملوں سے رہائشی علاقوں، بنیادی ڈھانچے اور انسانی جانوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ امدادی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال یہی رہی تو انسانی بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے حالیہ حملوں پر فوری طور پر کوئی تفصیلی مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم خطے میں جاری کشیدگی عالمی سطح پر تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتے حملے پورے خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ بنتے جا رہے ہیں، جبکہ عالمی برادری مسلسل جنگ بندی اور مذاکرات پر زور دے رہی ہے۔
جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے جاری، 4 خواتین سمیت 9 افراد زخمی
