Baaghi TV

وفاقی کابینہ میں بڑے ردوبدل کا امکان، وزرائے مملکت کی ترقی پر غور

Cabinet

‎اسلام آباد میں وفاقی کابینہ اور اعلیٰ بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو مختلف وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی رپورٹس موصول ہونا شروع ہو گئی ہیں، جن کی بنیاد پر کابینہ کے ارکان کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
‎ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آفس نے تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز سے فروری 2024 سے اب تک کی مکمل کارکردگی رپورٹ طلب کی تھی۔ اس جائزے کا مقصد وزارتوں کی کارکردگی، حکومتی اہداف پر عمل درآمد اور متعلقہ وزرا کی ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ لینا ہے۔
‎اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کو مختلف وفاقی وزرا کی انفرادی کارکردگی سے متعلق دو اہم حساس اداروں کی رپورٹس بھی موصول ہو چکی ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزارتوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے تاکہ وزارتوں کی کارکردگی کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جا سکے۔
‎ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر محسن نقوی نے بھی وزیراعظم سے کابینہ کے ارکان کی کارکردگی کا ازسرنو جائزہ لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف رواں ماہ کے دوران تمام وفاقی وزرا اور وزارتوں کی کارکردگی کے جائزے کا عمل مکمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
‎اسی سلسلے میں وزیراعظم کی مختلف وزرا کے ساتھ انفرادی ملاقاتیں بھی جاری ہیں، جن میں متعلقہ وزارتوں کی کارکردگی اور مستقبل کے اہداف پر گفتگو کی جا رہی ہے۔
‎ذرائع کا کہنا ہے کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے وزرائے مملکت کو وفاقی وزیر بنانے اور انہیں اہم قلمدان سونپنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ تاہم کابینہ میں کسی بھی حتمی تبدیلی یا بڑے ردوبدل سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے باضابطہ مشاورت کی جائے گی۔
‎حتمی فیصلہ وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کی قیادت کی مشاورت کے بعد متوقع ہے، جبکہ کارکردگی رپورٹس کابینہ کے مستقبل کے حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

More posts