اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ڈائریکٹر جنرل (کاؤنٹر انٹیلی جنس) میجر جنرل فیصل نصیر (ہلالِ امتیاز ملٹری، تمغۂ بسالت) کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کا قومی کوآرڈینیٹر مقرر کردیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے 4 ستمبر 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میجر جنرل فیصل نصیر کی تقرری وفاقی حکومت کی منظوری سے نیکٹا ایکٹ 2013 کی دفعہ 9(1) کے تحت ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ ان کی تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہوگی،میجر جنرل فیصل نصیر کی تقرری کی مدت تین سال مقرر کی گئی ہے،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تقرری کے حوالے سے نوٹیفکیشن تمام متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام کو ارسال کردیا ہے، جبکہ میجر جنرل فیصل نصیر سے چارج سنبھالنے کی رپورٹ بھی متعلقہ حکام کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
میجر جنرل فیصل نصیر ایک تجربہ کار افسر ہیں اور انہیں انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کے تناظر میں ان کی نیکٹا میں تقرری کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے۔نیکٹا ملک میں انسدادِ دہشت گردی کی پالیسی، اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور دہشت گردی کے خلاف قومی حکمتِ عملی پر عملدرآمد میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
