اسلام آباد: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں بڑے پیمانے پر افسران کے تقرر و تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف زونز، ونگز اور سرکلز میں متعدد افسران کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سید رضوان شاہ کا ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز سے تبادلہ کر کے اینٹی کرپشن سرکل پشاور تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ محمد طاہر تنویر کو کاؤنٹر ٹیررازم ونگ سے منتقل کر کے ایف آئی اے اکیڈمی میں تعینات کیا گیا ہے۔
اسی طرح سید مرتضیٰ حیدر کو گوجرانوالہ سے تبدیل کر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایڈمن، ملتان زون مقرر کیا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اعجاز احمد شیخ کو ہیڈ کوارٹرز سے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور بھیج دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ قمر زمان کو ہیڈ کوارٹرز سے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ میں تعینات کیا گیا ہے، جبکہ بہاول استو کو ہیڈ کوارٹرز سے کمپوزٹ سرکل میرپورخاص منتقل کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں رانا شاہد حبیب کا اینٹی کرپشن سرکل سے تبادلہ کر کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور میں تقرر کیا گیا ہے۔ محمد ریاض جنجوا کو مردان سے منتقل کر کے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد نذیر کو پشاور سے تبدیل کرتے ہوئے انہیں بھی ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ تقرر و تبادلے انتظامی ضروریات اور ادارہ جاتی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے مقصد سے کیے گئے ہیں، تاکہ مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے بہتر انداز میں استفادہ کیا جا سکے۔
ایف آئی اے میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے، متعدد افسران نئی ذمہ داریوں پر تعینات
