اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہے اور حکومت ہر قسم کی علاقائی اور معاشی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اگر حالات مزید اقدامات کا تقاضا کریں تو فوری عمل درآمد کے لیے جامع ہنگامی منصوبہ تیار رکھا جائے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت علاقائی کشیدگی کے ممکنہ معاشی اثرات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکام نے حکومت کی کفایت شعاری اور اخراجات میں کمی سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خطے کی صورتحال غیر یقینی ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے ہر ممکن چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری برقرار رکھیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت معیشت کے استحکام اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری فیصلے بروقت کرے گی۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور عوام کو بلا تعطل پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح معاشی استحکام کو برقرار رکھنا، کاروباری سرگرمیوں کا تسلسل یقینی بنانا اور عوام کو غیر ضروری مشکلات سے محفوظ رکھنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مؤثر رابطے کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت مقابلہ کریں۔
انہوں نے گزشتہ کفایت شعاری مہم کے دوران عوام کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ قوم نے مشکل حالات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اگر آئندہ بھی غیر معمولی حالات پیدا ہوئے تو عوام اور تمام ادارے اسی جذبے کے ساتھ حکومت کا ساتھ دیں گے تاکہ ملک کی معیشت مستحکم رہے اور قومی مفادات کا بھرپور تحفظ کیا جا سکے۔
علاقائی کشیدگی کے تناظر میں حکومت الرٹ، پیٹرول کی مصنوعی قلت برداشت نہیں ہوگی: وزیراعظم
