Baaghi TV

ملائیشیا کے وزیر داخلہ کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ون آن ون ملاقات

دونوں وزارت داخلہ میں تعلقات کو فروغ دینے کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام کا فیصلہ ، دہشت گردوں اور منشیات فروشوں کی سرکوبی کیلئے انٹیلیجنس شیرنگ پر اتفاق
انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کو موثر بنانے پر اتفاق

اسلام آباد:ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسیتیون بن اسماعیل نے وزارت داخلہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ون آن ون ملاقات کی، بعد ازاں پاکستان اور ملائیشیا کے وزرائے داخلہ کے درمیان وفود کی سطح پربھی مذاکرات ہوئے جس میں انسداد دہشتگردی ،انسداد منشیات،غیر قانونی امیگریشن اور سائبر کرائمز کی روک تھام کیلئے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کوسٹ گارڈز اور تربیتی پروگراموں کے شعبوں میں اشتراک کار پر بات چیت بھی ہوئی۔دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں وزارت داخلہ میں تعلقات کو فروغ دینے کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد جلد ملائیشیا کا دورہ کرے گا۔ وزرائے داخلہ کے درمیان ملاقات میں دہشت گردوں اور منشیات فروشوں کی سرکوبی کیلئے انٹیلیجنس شیرنگ پر اتفاق کیا گیا، جبکہ انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کو موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا، ملاقات میں نیشنل پولیس اکیڈمی اور رائل ملائیشین پولیس کالج کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سیاحت کے فروغ اور ویزا سہولیات میں آسانی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے کوسٹ گارڈ کے شعبے میں تجربات سے بھی استفادہ کرنا چاہتا ہے،امید ہے آپ کا دورہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو اگلی سطح پر لے جانے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا مسلم ممالک میں تیز رفتار ترقی کرنے والا ملک ہے، ملائیشیا سیاحت کے لیے پاکستانیوں کے لیے بہترین آپشن ہے، پاکستانیوں کے لیے ورک کوٹہ بڑھنے سے مزید پاکستانی قانونی طریقے سے ملائیشیا آ سکیں،وزیر مملکت طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ڈی جی پاسپورٹ، چیف کمشنر و آئی جی اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

More posts