پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل سے اہم ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں نیر بخاری نے پنجاب حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر انتظامیہ کو مریم نواز کی تصویروں والی الیکٹرک بسیں دینے کو "سیاسی رشوت” قرار دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کے عام انتخابات 2026، انتخابی ضابطہ اخلاق اور سیاسی جماعتوں کی مہم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سید نیر حسین بخاری نے موقف اپنایا کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے عوام کے ٹیکس کا پیسہ استعمال کر کے آزاد کشمیر کے انتخابات خریدنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے اعلان کے بعد اس طرح کا اقدام انتخابی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور سوال اٹھایا کہ کیا یہ بسیں جاتی امرا کے اکاؤنٹ سے خریدی گئی ہیں؟نیر بخاری نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی کو انتخابی مہم اور منشور کی ترویج کے لیے موٹیویشن سروس چلانے کے این او سی پر دائر اپیل کا جلد فیصلہ کیا جائے، تاکہ پارٹی اپنی سیاسی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھ سکے۔
