Baaghi TV

‎مریم نواز کا پیپلز پارٹی پر طنز، پوچھا: قیامت کتنے بجے ہے؟

pmln

‎وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے دھاندلی کے الزامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں سوال کیا ہے کہ "قیامت کتنے بجے ہے؟”۔
‎وزیراعلیٰ پنجاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی، جسے وہ دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر قرار دیتی ہیں، آج خود انتخابی دھاندلی کا شور مچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات حیران کن ہیں کیونکہ ماضی میں یہی جماعت انتخابی معاملات پر مختلف الزامات کی زد میں رہتی آئی ہے۔
‎مریم نواز نے اپنے مختصر مگر طنزیہ پیغام میں کہا کہ "قیامت کتنے بجے ہے؟”، جسے سیاسی حلقوں میں پیپلز پارٹی کے حالیہ مؤقف پر تنقید کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج پر مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اعتراضات اور تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
‎اس سے قبل بھی وزیراعلیٰ پنجاب سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت پر تنقید کر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی کے پاس عوامی خدمت، بہتر کارکردگی، مؤثر گورننس اور ترقی کا واضح ایجنڈا ہوتا تو اسے اپنی توانائیاں دیگر سیاسی جماعتوں پر تنقید کرنے کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر صرف کرنی چاہئیں۔
‎دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر رہنماؤں نے آزاد کشمیر انتخابات میں بے ضابطگیوں اور مبینہ دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں۔ پارٹی قیادت کا مؤقف ہے کہ عوام نے پیپلز پارٹی کے حق میں فیصلہ دیا، تاہم انتخابی نتائج میں مبینہ طور پر اس مینڈیٹ کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔ پیپلز پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے ووٹوں اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے سیاسی اور قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔

More posts